بھٹکل ، 26 / جون (ایس او نیوز) ریاستی کرناٹک حکومت نے زراعتی زمین یعنی اگریکلچرل لینڈ کے مالکان کے لئے زمینات کی آرٹی سی کو آدھار کارڈ کے ساتھ جوڑنا ضروری قرار دیا ہے اور یہ کاروائی ریاست کے مختلف علاقوں کی طرح بھٹکل میں بھی باقاعدہ ہورہی ہے۔ اس تعلق سے بھٹکل تحصیلدار نے خبر دی ہے کہ اس کام کو ولیج اکاونٹینٹ آفس پہنچ کر انجام دیا جاسکتا ہے۔ تحصیلدار نے بتایا کہ جائیداد کی آر ٹی سی کی نقل اور آر ٹی سی جس شخص کے نام پر ہے اُس کے آدھار کارڈ کی نقل لے کر گرام چاوڑی آفس پہنچ کر ولیج اکاونٹینٹ یعنی شانبھاگ سے رابطہ کرکے اولین فرصت میں اس کام کو انجام دیں۔
اس تعلق سے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ریوینیو منسٹر کرشنا بائرے گوڈا نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ زمینوں کی غیر قانونی اور جعلی خرید و فروخت پر روک لگانے کے لئے آر ٹی سی کے ساتھ آدھار کارڈ سیڈنگ کی جو کارروائی کی جا رہی ہے، اس میں تیزی لائی جائے اور اس کام کو جولائی کے آخر تک مکمل کر لیا جائے ۔
وزیر بائرے گوڈا نے مینگلور میں میڈیا والوں کو بتایا کہ " آر ٹی سی کے ساتھ آدھار کارڈ کی سیڈنگ سے زمینوں کے غیر قانونی لین دین پر روک لگے گی ۔ اس کے علاوہ مالکانہ حقوق کی منتقلی، میوٹیشن اینٹری وغیرہ میں آسانی کے ساتھ کسانوں کی فصلیں خراب ہونے پر معاوضہ کی ادائیگی تیز رفتاری سے ہو سکے گی ۔"
انہوں نے بتایا کہ ریاست کی چار کروڑ آر ٹی سی میں سے 1.7 آر ٹی سی کو آدھار کے ساتھ لنک کیا جا چکا ہے ۔ انہوں نے محکمہ مالگزاری (ریوینیو ڈپارٹمنٹ) کے پرنسپال سیکریٹری راجیندرا کمار کٹاریہ کو ہدایت دی کہ اس معاملے کو آگے بڑھانے کے لئے ہمت افزائی کے طور پر تمام ولیج اکاونٹنٹس کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں ۔
وزیر موصوف نے سرکاری جائداد کی حفاظت کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 14.50 لاکھ سرکاری جائدادوں (ریوینیو، قبرستان، ٹینکس اور دیگر) کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور ان کی پیمائش، لوکیشن وغیرہ کی تفصیلات محکمہ کے پورٹل پر اپلوڈ کی گئی ہے تا کہ عوام کو آسانی سے مہیا ہو ۔ ہمارے ولیج اکاونٹنٹس نے ذاتی طور پر 10 لاکھ سرکاری جائدادوں تک پہنچ کر جائزہ لیا ہے اور ان کے اطراف باڑ ھ لگانے جیسے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ۔ بقیہ جائدادوں کے سلسلے میں بھی کارروائی جاری ہے ۔